وزیراعظم زبان کے پکے ہیں، وفاق کی ادائیگی سے بلوچستان کے مالی حالات بہتر ہوں گے، قدوس بزنجو
کوئٹہ (مسائل نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ریکوڈک کے بعد صوبے میں مزید منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں ان کے شروع ہونے سے بلوچستان اور پاکستان کے مالی حالات میںبہتری آئیگی ، وفاق سے این ایف سی کی ادائےگیاں شروع ہوئی ہیں ،پشاور دھماکہ قابل مذمت ہے مسجد میں نمازیوں پر حملے کر نے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، 5فروری کو کوئٹہ میں 27سال بعد قومی سطح کا کرکٹ میچ ہونے جارہا ہے، پی سی بی کو باور کروائیں گے کوئٹہ میں میچز کروائے جاسکتے ہیں ،چمن تا کراچی شاہراہ پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے وزیراعظم سے بات کرونگا ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کی شب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کوئٹہ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمئی کے درمیان نمائشی میچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر انجینئر زمر ک خان اچکزئی ،ارکان اسمبلی اختر حسین لانگو، میر حمل کلمتی، یونس عزیز زہری، خلیل جارج، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 27سال بعد کوئٹہ میں کرکٹ واپس لوٹ رہی ہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اسٹیڈیم میں 14ہزار لوگوں کے بیٹھے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں ایونٹ کی ٹکٹس 2دن میں فروخت ہوگئیں یہ تاثر غلط ہے کہ ٹکٹ بلیک میںفروخت ہورہی ہیں نہ ہی من پسند لوگوں کو ٹکٹیں دی گئیں انہوں نے کہا کہ نمائشی میچ سے بلوچستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا اور اس ایونٹ کے بعد کوئٹہ اور گوادر میں مزید ایونٹ بھی کروائے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے عوام بھی کرکٹ سے محروم نہ رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس اورسہولیات کی فراہمی کے لئے منصوبہ بنایا جارہا ہے اسٹیڈیم کی پچ بہتر ہے اس ایونٹ کے بعد کوئی جواز نہیں ہوگا کہ یہاں دوسرے بڑے میچز نہیں کروائے جا سکتے ہم پی سی بی کو بھی باور کروا رہے ہیں کہ کوئٹہ میں میچز کروائے جا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے سیکورٹی فورسز نے تخریب کاروں کیخلاف کئی کاروائیاں کر کے انکے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا ہے اکا دکا بچ جانے والے سافٹ ٹارگٹ پر حملے کرتے ہیں پشاور میں پیش آنے والے تخریب کاری کے واقع کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کوئی بھی مسلمان مسجد میں نمازیوں پر حملہ نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پشاور واقع کے شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں صوبائی اسمبلی نے نہ صرف پشاور حملے کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کی ہے بلکہ وزیر داخلہ بھی اس وقت پشاور میں ہیں انہوں نے دھماکے زخمیوں کی عیادت کی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعظم نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر وعدہ کیا تھا کہ وہ چمن تا کراچی شاہراہ کو اپنے دور حکومت میں مکمل کروائیں گے وزیراعظم زبان پر کھڑے ہونے والے شخص ہیں چمن کراچی شاہراہ اہم منصوبہ ہے امید ہے وزیراعظم اس کی تکمیل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ سمیت قومی شاہراہوں پر حادثات افسوسناک ہیںان میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں چےئر مین این ایچ اے سے بھی کہا تھا کہ منصوبے کو تیز کیا جائے وزیراعظم سے بھی شاہراہ پر کام تیز کرنے کے لئے بات کرونگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مالی بحران این ایف سی ایوارڈ کے پیسے نہ ملنے کی وجہ سے تھا اب صوبے کو وفاق کی جانب سے ادائےگیاں شروع کردی گئی ہیں امید ہے صورتحال بہتر ہوجائےگی ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریکوڈک سے ملنے والی رقم بجٹ سے ہٹ کر اضافی ہے آئندہ سالوں میںمنصوبے پر کام شروع ہونے کے بعد ہمیں سالانہ 300ارب روپے تک ملیں گے جس سے صوبے کی مالی ضروریات اور ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کے علاوہ بھی کچھ منصوبے پائپ لائن میں ہیں ان کے شروع ہونے سے بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اگر یہ تمام منصوبے شروع ہوجائیں تو ہم صوبے اور ملک دونوں کی مالی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں ۔
- Advertisement -