اسلام آباد (مسائل نیوز) الیکشن کمیشن نے عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کیس میں کہا ہے کہ 4 ماہ ہو گئے لیکن وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے ہیں،اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ عمران خان خرابی صحت کی وجہ سے الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتے جبکہ فواد چوہدری کی والدہ علیل ہیں اور وہ ہسپتال میں ہیں۔اسد عمر کی پرواز تاخیر کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکے۔
وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان اور فواد چوہدری کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی جائے۔
- Advertisement -
ممبر نثار درانی نے کہا کہ 4 ماہ ہو گئے لیکن وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔آپ عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں یا پھر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔ وکیل علی بخاری نے کہا کہ جواب سینئر کونسلز جمع کرائے گی،انور منصور نے کہا کہ اگلی سماعت سے پہلے جواب جمع کرا دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔
عمران خان،اسدعمر اور فوادچوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن سے متعلق سماعت 17جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے توہین الیکشن کمیشن کیس میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا۔سپریم کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ہائیکورٹس نے الیکشن کمیشن کو رہنماؤں کیخلاف کارروائی سے نہیں بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے،الیکشن کمیشن عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف سماعت جاری رکھے۔
[…] (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔چیئرمین پی ٹی آئی […]