حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان
دبئی (مسائل نیوز) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 50 ملین درہم کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی کے حکمران کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو 50 ملین درہم کی فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ امداد محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل انیشیٹوز (MBRGI)، ورلڈ فوڈ پروگرام اور محمد بن راشد المکتوم ہیومینٹیرین اینڈ چیریٹی اسٹیبلشمنٹ (MBRCH) کے تعاون سے فراہم کی جائے گی، پاکستان میں آنے والے بڑے سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کو یہ امداد خوراک کی شکل میں دی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ فوری امداد فراہم کرنے کا انسانی اقدام متحدہ عرب امارات کی عالمی سطح پر قدرتی آفات اور بحرانوں سے متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانے کی خواہش کے تحت ہے کیوں کہ پاکستان میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں اور کئی ہزار کلو میٹر سڑکیں زیر آب آچکی ہیں، اس قدرتی آفت میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی مادد کے لیے متحدہ عرب امارات سیلاب زدگان کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے فضائی پل پہلے ہی قائم کرچکا ہے۔
- Advertisement -
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی نمائندگی کرنے والی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ امارات سے امداد کی فراہمی کی نگرانی کر رہی ہے، جس میں پناہ گاہوں کا سامان، انسانی ضروریات، خوراک اور طبی پارسل شامل ہیں، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے کہا کہ پہلا اماراتی امدادی طیارہ پیر کی صبح پاکستان آیا جس کے بعد آنے والے دنوں میں مزید امداد فراہم کی جائے گی، امداد کی فراہمی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کو واضح کرتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید کی طرف سے پاکستان کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے جاری کردہ ہدایات کے بعد یہ امداد فراہم کی جا رہی ہے، ہفتے کے روز شیخ محمد نے 3,000 ٹن خوراک کا سامان اور دیگر انسانی امداد پاکستان کو پہنچانے کا حکم دیا، متحدہ عرب امارات کی امداد میں تقریباً 3,000 ٹن خوراک کا سامان، طبی اور دواسازی کی اشیاء، اور خیمے اور پناہ گاہ کا سامان شامل ہے، متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی امداد فراہم کریں گی۔