حکمران اپنے خلاف کیسز کے خاتمے تک الیکشن نہیں کرانا چاہتے
لاہور(مسائل نیوز) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ جب تک حکمرانوں کے کیسز ختم نہیں ہوتے یہ الیکشن نہیں کرانا چاہتے،حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ کیسز ختم کئے جائیں۔ملک سے فرار لوگ واپس آ رہے ہیں،ایک بھگوڑا پہلے آیا اور دوسرا دو روز قبل آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شفقت محمود نے حماد اظہر اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 16ارب روپے ان کے اکاؤنٹس سے نکلا۔
انہوں نے سلیمان شہباز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ککس بیک اسپیشلسٹ ہیں۔سلیمان شہباز کو کرپشن کی بات کرتے شرم آنی چاہیے،سلیمان شہباز اور دیگر نے اپنے اثاثے اپنی آمدن سے زیادہ بنائے۔نواز شریف نے قانون بنایا تھا کہ جو باہر سے پیسے آئیں گے ان کا پوچھا نہیں جائے گا۔
سارے ملک کو لوٹ کرکھا گئے اور باتیں کرتے ہیں کہ حساب ہو گا کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔
- Advertisement -
انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے 1990 میں 20 لاکھ کے اثاثے ڈکلیئر کئے تھے،شہباز شریف کے وزیر اعلٰی بننے کے بعد اثاثے سوا سات ارب ہو جاتے ہیں،ان کا طریقہ واردات بڑا واضح ہے کہ یہ بے نامی اکاؤنٹ کھولتے تھے،رشوت کے پیسے رمضان شوگر ملز کے ملازمین کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتے تھے،رشوت کا پیسہ اکٹھا کر کے ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک لے جاتے۔عمران خان کیخلاف گھٹیا زبان استعمال کی گئی،آپ کی تربیت جس ماحول میں ہوئی وہ قابل دید نہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ الیکشن کا نام سن کر انکی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں،ہمارے نظام پر سوالیہ نشان اٹھایا جا ریا ہے۔اگر آپ صادق امین ہیں تو الیکشن کرائیں،آج اسکول جاتے بچے کو بھی ان دو خاندانوں کی کرپشن بارے پتہ ہے۔مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکلے،آج تک نہیں بتایا گیا کہ پیسے کہاں سے آئے۔انکے کیسز کی تحقیقات کے دوران لوگ پراسرار طور پر موت کی آغوش میں سو جاتے ہیں،اس وقت قوم کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے۔ جبکہ مشیر احتساب پنجاب مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کے 18 کیسز ہیں،یہ اپنے کیسز ختم کر کے سمجھ رہے ہیں کہ بچ گئے،اداروں سے درخواست ہے کیسز کا ریکارڈ رکھا جائے۔