عمران خان کی مراکش کو فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد
لاہور (مسائل نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان نے مراکش کو فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مراکش کو پرتگال کے خلاف فتح کے بعد فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتا ہوں، پہلی بار کوئی عرب، افریقی اور کوئی مسلم ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے، میں سیمی فائنل اور اس سے آگے بھی ان کی کامیابی کا خواہشمند ہوں۔
بتاتے چلیں کہ فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک عرب افریقی ملک سیمی فائنل میں پہنچا ہے، فیفا ورلڈکپ قطر کے کوارٹر فائنل میں مراکش نے ٹورنامنٹ کی فیورٹس میں سے ایک پرتگال کو شکست دے کر یہ تاریخ رقم کی، مراکش 20 سال بعد فٹبال ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا، جس کے لیے مراکش نے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو 0 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی۔
مراکش نے میچ کے پہلے ہاف میں گول کر کے پرتگال کے خلاف برتری حاصل کی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، میچ کے دوسرے ہاف کے اختتام پر 8 منٹس کے کھیل کا اضافہ کیا گیا تاہم عالمی شہرت یافتہ کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پھر بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔ میچ سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ کرسٹیانو رونالڈو کو مراکش کیخلاف کوارٹر فائنل میں بھی میدان میں نہیں اتارا جائے گا بعد ازاں میچ میں ٹیم کی مشکل پوزیشن کو دیکھتے ہوئے انہیں میدان میں اتار گیا تاہم کرسٹیانو رونالڈو بھی اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے اور میچ کی اختتامی سیٹی بجتے ہی مراکش نے فٹبال ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے عرب اور افریقی ملک ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
[…] (مسائل نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دسمبرمیں اسمبلیاں تحلیل کردیں گے، جنرل (ر) […]