تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کردی
اسلام آباد (مسائل نیوز) تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت میں دھرنے اور جلسے کیلئے نئی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی،درخواست میں وفاقی حکومت،آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نے درخوست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ ماہ 19 اکتوبر سے لانگ مارچ کا آغاز کیا،قانون اور آئین پر امن احتجاج کی اجازت دیتا ہے۔
اعلٰی عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے عدم اعتماد تحریک کی کارروائی میں شریک ہوئے۔نیا پاکستان پی ٹی آئی کا نعرہ ہے۔موجودہ حکومت تمام اہم محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فریقین کو دھرنے کی اجازت کا این او سی جاری کرنے کا حکم دے، جبکہ فریقین کو جلسے کے شرکاء پر ممکنہ طاقت کے استعمال کا حکم بھی دیا جائے۔
دوسری جانب 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر تحریک انصاف انصاف کے متوقع دھرنے کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جگہ تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔ راولپنڈی انتظامیہ نے دھرنے کا مقام علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دی۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 26 نومبر کو انگلینڈ ٹیم گرین شرٹس سے کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچے گی،پی ٹی آئی دھرنے کی وجہ سے پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ راولپنڈی فیض آباد کے قریب انتہائی اہم تنصیبات بھی موجود ہیں۔
راولپنڈی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے قائدین کو تمام خدشات سے آگاہ کر دیا،تحریک انصاف راولپنڈی کے قائدین نے جگہ کی تبدیلی پرمشاورت کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔عمران خان براستہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچیں گے،ہیلی کاپٹر سے اسٹیج تک سیکورٹی کے انتظامات پر بھی نظر ثانی جاری ہے۔