تعیناتی کے مسئلے میں نواز شریف اور شہباز شریف ایک پیج پر نہیں ہیں
راولپنڈی(مسائل نیوز) سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سارا جہان ایک انسان عمران خان کے پیچھے پڑگیا ہے،وہ سب کو شکست دے گا۔تعیناتی کے مسئلے میں نواز شریف اور شہباز شریف ایک پیج پر نہیں ہیں۔ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ اب پی ڈی ایم کا بوجھ کوئی نہیں اٹھا سکتا،بھکاریوں کو کوئی خیرات نہیں دے رہا،صرف تصویر کھنچوا رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ چین ہمالیہ سے بلند اور ہرموسم کا دوست ہے،اس لیے حالیہ چینی دورے پرتبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ساری دنیا جانتی ہے کہ غیرمقبول سامراجی حمایت یافتہ سازشی حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے۔بھکاریوں کو نہ امداد مل رہی ہے اور نہ حمایت مل رہی ہے۔
ڈنگ ٹپاؤ غریب مکاؤ حکومت زبردستی دنیا سے دوروں کے دعوت نامے منگوا رہی ہے۔
- Advertisement -
قبل ازیں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نواز شریف اپنی ڈیل اور ہماری اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی چاہتا ہے۔
اپنے لئے ریلیف چاہتا ہے اور ہمارے لیے تکلیف چاہتا ہے۔ رانا ثناء اللہ ذہنی مریض اور اجرتی قاتل ہے جو اداروں کو بے وقار کرنے کی ناکام،ناپاک کوشش کرے گا اور رسوا ہو کر گھر جائے گا۔مسئلہ سیاست نہیں اب ریاست ہے،نومبر بھاری اورفیصلہ کن ہو گا۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 10 نومبرکو بھرپور حکمت عملی کے ساتھ عمران خان کا لانگ مارچ راولپنڈی پہنچے گا۔
راولپنڈی کاعظیم الشان تاریخی استقبال فیصلہ کن ہوگا،30 فیصد مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ڈیفالٹ زدہ حکومت کا گند اٹھانا آسان کام نہیں،اگر فیصلہ لوگوں نے اپنے ہاتھ میں لے لیا تو فیصلہ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون کی توسیع ہنگامہ آرائی کا ماسٹر پلان ہے،لال حویلی پر قبضے کے لیے میری لاش سے گزرنا ہوگا۔ حکومت کی الیکشن سیاست دفن ہو گئی اس لیے خوف پھیلا رہی ہے۔یہ ریلیف دینے نہیں،ریلیف لینے آئے ہیں،انہیں اقتدار میں لانے والے پچھتا رہے ہیں۔