ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی فتح پر وزیر اطلاعات کا ردعمل
اسلام آباد (مسائل نیوز) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ ضمنی الیکشن جیتنے کا یہ مقصد نہیں کہ آپ کیپٹل پر یلغار کردیں، انتخابات جب حکومت چاہے گی مقررہ وقت ہوں گے، حکومت کے پاس قومی اسمبلی میں 176 ارکان ہیں، آپ اپنے نمبرز پورے کرکے حکومت لے آئیں۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی آج کی نیوز کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھی، فارن فنڈڈ فتنہ ہمیشہ ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے، عمران خان 4 سال پاکستان پر مسلط رہے، عمران خان سیاسی الزائمر کے مرض میں مبتلا ہوچکا ہے، ضمنی انتخابات جیتنے کا یہ مقصد نہیں کہ ملک پر چڑھ دوڑیں، عمران خان کے 4 سال کے دوران صرف معیشت تباہ ہوئی، عمران خان نے اپنے دور میں صرف دوست ممالک کو ناراض کیا۔
اگر ضمنی انتخابات ریفرنڈم ہے تو پھر ملتان اور کراچی کے نشستوں پر کیا کہیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان الیکشن جیتنے پر خاموش رہا اور ہارنے پر شور کرتا ہے، عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی قائدین کو جیل میں بھیجا، عمران خان نے نیب اور ایف آئی اے میں بندے لگوا کر انہیں یرغمال بھی بنایا، عمران خان نے صحافیوں پر پابندیاں لگائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے بعد حکومت کے پاس قومی اسمبلی میں 176 ارکان ہیں، عمران خان 172 نمبر پورے کریں اور اپنی حکومت لائیں، حقیقی آزادی کی باتیں کرنے والا بیک ڈور مذاکرات کررہا ہے۔ حقیقی آزادی کی باتیں کرنے والا ایوان صدر کو استعمال کررہا ہے، انتخابات مقررہ وقت اور جب حکومت چاہے گی تب ہوں گے، نوازشریف نے 14 ہزار میگاواٹ بجلی بنائی، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹر وے دی۔