آئی ایم ایف کا حکومت کو سبسڈی دینے کی بجائے وسائل کے استعمال کا مشورہ
نیو یارک(مسائل نیوز)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کو سبسڈی دینے کی بجائے وسائل کے استعمال کا مشورہ دے دیا۔ ہم نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا جہاد آزور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے اور آئی ایم ایف پاکستان کو اس مشکل میں سپورٹ کرتا ہے جبکہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ توسیعی پروگرام سے پاکستان کو کووڈ کے بعد سے پیدا صورت حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور حال ہی میں پاکستان کا پروگرام ریویو ہوا جس میں 12 ارب ڈالر کی رقم دی گئی، امید ہے نومبر میں اگلے ریویو کی تیاری مکمل ہو جائے گی جب کہ ورلڈ بینک اور یو این ڈی پی کی جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی و اقتصادی صورتحال کا پتہ چلے گا۔
آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا نے کہا کہ جائزہ کے بعد پتہ چلے گا کہ پاکستان کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے، اشیا پر سبسڈی دینا کبھی مددگار ثابت نہیں ہوتا اور اشیا پر سبسڈی دینا رجعت پسندی ہے۔
- Advertisement -
آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کو کہہ رہے ہیں کہ سبسڈی دینے کی جگہ وسائل کا استعمال کریں لیکن یہ آئی ایم ایف کی شرائط نہیں بلکہ مہنگائی کے دور میں ضرورت مندوں کی مدد کا طریقہ ہے۔ ادھر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ امریکہ کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے دورے میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے آئی ایم ایف عہدیدار کو پاکستان میں سیلاب کے نقصانات سے آگاہ کیا اور معیشت کو مستحکم، پائیدار اور بحالی کے لئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جب کہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور آئی ایم ایف کی جانب سے مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈٓار نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون، غیر معمولی تباہ کن سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا، اس دوران صدر عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب سے درپیش سماجی واقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مل کر کام کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رائسر سے بھی ملاقات کی اور ان کے دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے نے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد کی۔ اس موقع پر نائب صدر عالمی بینک نے کہا کہ عالمی بینک مشکلات میں قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے اپنے دورے میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے وفد کے ہمراہ دورہ امریکا میں ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت، ریٹنگ ایجنسیوں سے ملاقاتیں کیں اور سالانہ اجلاسوں کے دوران منعقد ہونے والی کئی تقریبات میں شرکت کی۔