عمران خان پاکستان میں کارکنوں کو قربانی کا بکرا بنانے کے لیے حلف لے رہے ہیں
لاڑکانہ(مسائل نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر امن جمہوری جدوجہد میں یقین رکھتی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سیاسی لانگ مارچ اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،ڈی چوک ہماری منزل نہیں تھی۔ اپنے ایک بیان میں عمران خان کے راولپنڈی وورکرز کنونشن سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے لانگ مارچ کا مقصد اسلام آباد پر حملہ نہیں تھا، نہ ادارے ہمارا نشانہ تھے۔
عمران خان جیسا بزدل اور منافق شخص اور کوئی ہو نہیں سکتا۔ پورے پاکستان میں کارکنوں کو قربانی کا بکرا بنانے کے لیے حلف لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جہاد کا ٹچ دیکر لوگوں کے جذبات سے کھیل کر انہیں اسلام آباد پر حملہ کرنے کے لیے مجبور کر رہے ہیں۔ آڈیو لیکس کے بعد بہروپیہ شخص کے چہرے سے نقاب اتر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان منی لانڈرنگ، ہارس ٹریڈنگ، اپنی کرپشن کا جواب دیں۔بزدل شخص لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیوں نہیں کر رہے، روز ٹی وی پر آکر بلیک میلنگ کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔عمران خان کی بلیک میلنگ میں اب کوئی نہیں آئے گا، تمام ادارے آئین و قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔