پنجاب بھر میں سموگ کی وجہ بننے والی والی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد
لاہور (مسائل نیوز) سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کی وجہ بننے والی والی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی،سموگ کی روک تھام کے لیے پی ڈی ایم اے دفتر میں روم بھی قائم کر دیا گیا ہے،پنجاب بھر میں کالا دھواں چھوڑنے والی صنعتوں کو بند کیا جائے گا، ٹریفک دھوئیں کو کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، تجاوزات اور غلط پارکنگ کرنیوالوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی، ریلیف کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز سموگ کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات کو جلانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور خلاف ورزی پر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
- Advertisement -
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں، بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کارروائی کریں اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے، دھواں کنٹرول نہ کرنے والے آلات کے بغیر کام کرنے والے صنعتی یونٹس کو بھی پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹائر، ربڑ،پلاسٹک اور کوڑا کرکٹ کو جلانے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ سموگ صحت کے لیے نقصان کا باعث ہے اس کی روک تھام کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، صحت اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سموگ سے بچاو کے لیے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گھر سے باہر نکلتے وقت عینک اور ماسک کا استعمال کیا جائے، تاکہ سموگ سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔