’انشاءاللہ وزیراعظم‘ لاہور میں شہباز شریف کے حق میں فلیکس لگ گئے
لاہور (مسائل نیوز ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے حق میں فلیکس لگ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لاہور کی احتساب عدالت کے باہر ان شاءاللہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی تصاویر کے پینا فلیکسز آویزاں کیے گئے ہیں ، جن پر ’وقت کی مجبوری ہے، شہباز شریف ضروری ہے‘ کے نعرے بھی درج ہیں۔
ان فلیکسز پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی تصاویر بھی دیکھی جاسکتی ہیں ، احتساب عدالت کی جانب آنے والے راستوں کے علاوہ احتساب عدالت کے مرکزی گیٹ کے ساتھ بھی شہباز شریف کے حق میں فلیکسز لگائے گئے ہیں ۔
- Advertisement -
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ابھی چند روز قبل لاہور ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے چوہدری پرویز الہٰی کے حق میں بھی پوسٹر لگے دیکھے گئے ، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی دفتر کے باہر کارکنوں نے چوہدری پرویز الٰہی کے لیے وزیراعلیٰ کی فلیکسز لگا دیں ، مسلم لیگ ق کے سپورٹرز نے اہم شاہراہوں پر چوہدری پرویزالٰہی کے حق میں پینا فلیکس لگائے ، جن پر ’پنجاب کی مجبوری ہے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ ضروری ہے‘ کا نعرہ درج تھا ۔