ڈاکٹر ربابہ بلیدی سے صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام کی ملاقات
کوئٹہ(ویب ڈیسک)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے یہاں صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام نے ملاقات کی اور بلوچستان میں انسداد ہراسگی کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو ہراسگی کے واقعات میں انصاف کی فراہمی کے لئے صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے
- Advertisement -
خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیں نہ صرف قوانین کے ذریعے بلکہ روایتی مائینڈ سیٹ تبدیل کرتے ہوئے جدوجہد کرنی ہوگی پاکستان میں صنفی بنیادوں پر تشدد، وراثت کے حقوق کا تحفظ اور کام کی جگہوں پر ہراساں کرنے کے انسداد کے لئے قوانین موجود ہیں تاہم ان قوانین پر عمل درآمد کا فقدان ہے ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد کے لئے خواتین کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خاتون محتسب سیکرٹریٹ کو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہراسگی کی روک تھام کے لئے موثر و جامع اقدامات اٹھائے جاسکیں انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں عدالت عالیہ پاکستان انسداد ہراسگی قوانین کو موثر بنانے کے لیے احکامات جاری کرچکی ہے اور یہ بات سپریم کورٹ آف پاکستان کے ریکارڈ پر موجود ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں انسداد ہراسگی سے متعلق محکمہ جاتی کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کی کارکردگی سے متعلق وزرات قانون بلوچستان نے رپورٹ طلب کرلی ہے