پٹ فیڈر کینال کی ڈی سلٹنگ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، محمد خان لہڑی
کوئٹہ(ویب ڈیسک) صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری آبپاشی عبدالفتح بھنگر کی زیر صدارت پٹ فیڈر اور کیرتھر کینال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کینال سسٹم میں بہتری، پٹ فیڈر اور کیرتھر کینالز کی ری ماڈلنگ، ڈی سلٹنگ، پیکج تھری اور پٹ فیڈر کینال کے توسیعی منصوبے کے مسائل کے حل کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں دونوں کینالز سسٹم کی بہتری کیلئے مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں محکمہ ایریگیشن کے صوبائی اور نصیر آباد ڈویژن کے اعلیٰ حکام سمیت چیف انجنیئر کینال، چیف انجینئر ساؤتھ اور متعلقہ ایس ای اور ایکسیئنز نے شرکت کی۔
- Advertisement -
اجلاس میں بھل صفائی کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا اور کہا گیا کہ بھل صفائی کے عمل کے دوران موثر نگرانی کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایریگیشن نے تمام حکام کو ہدایت کی صوبائی وزیر آبپاشی کے ہدایات کی روشنی میں پٹ فیڈر کینال کی بھل صفائی کراکے اسے پہلے کی طرح مکمل طور پر بحال کیا جائے
تاکہ زمینداروں اور کسانوں کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسائل پیش نہ آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹ فیڈر کینال کی ڈی سلٹنگ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر اور کیرتھر کینالز کی ری ماڈلنگ سے نہ صرف پانی کے مسائل پر قابو پانےمیں مدد ملے گی بلکہ گرین بیلٹ کے کاشتکار بھی خوشحال ہونگے۔