نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کا گوادر کا دورہ، سی پیک سیکیورٹی بریفنگ اور پاک فوج کے کردار کو خراجِ تحسین
گوادر(مسائل نیوز) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام جاری 27ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے گوادر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں سی پیک کی اسٹریٹجک اہمیت، گوادر پورٹ کے محفوظ آپریشنز اور ساحلی پٹی کے سیکیورٹی نظام پر جامع بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران جی او سی گوادر نے شرکا کو خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، اہم تنصیبات کے تحفظ اور ساحلی علاقوں میں جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی روک تھام، منشیات اور اشیا کی سمگلنگ کے خلاف موثر کارروائیاں اور ساحلی نگرانی کے لیے مربوط آپریشنز کر رہی ہیں۔
شرکا نے چائنہ بزنس سینٹر گوادر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پورٹ کے جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر جی او سی گوادر نے کہا کہ “امن و استحکام، سرمایہ کاری، تجارت اور مقامی ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کو اولین ترجیح حاصل ہے”۔
شرکا نے مکران ڈویژن میں امن و امان کے قیام، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل میں پاک فوج کے کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں مثبت تبدیلی، بہترین سیکیورٹی مینجمنٹ اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔
وفد نے دورے کے اختتام پر پاکستان پوائنٹ گوادر اور پاکستان نیول شپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں میری ٹائم سیکیورٹی اور نیول آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔