ضیا محی الدین کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا
لاہور (مسائل نیوز) معروف اداکار،ہدایت کار اور ٹی وی میزبان ضیاء محی الدین انتقال کر گئے۔ ضیاء محی الدین 92 عمر برس کی عمر میں مداحوں کو داغ مفارقت دے گئے۔ ضیاء محی الدین طبیعت نازسازی کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ضیا ء محی الدین کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ضیا محی الدین کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا ۔عمران خان نے مزید کہا کہ ضیا محی الدین کو کئی دہائیوں سے جانتا تھا،وہ ایک انتہائی تہذیب یافتہ شخص تھے،اردو ادب اور تفریح کی دنیا میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے،میری تعزیت اور دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بھی عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایتکار، صدا کار، اداکار، مصنف اور میزبان ضیا ء محی الدین کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ضیا ء محی الدین اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے ،ان کے مخصوص انداز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچائی،افسوس ہے کہ کئی خوبصورت خوبیوں کا مالک شخص معاشرے سے کوچ کرگیا ۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضیا ء محی الدین نے پاکستان میں ٹیلی ویژن ہوسٹنگ کو ایک نئی جہت سے روشناس کروایا اور بین الاقوامی سطح پر اداکاری کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا،نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے صدر کے طور پر انہوں نے نئے آنے والے فنکاروں کی تربیت میں اپنا شاندار کردار ادا کیا ،ان کی آواز ہمارے ذہن میں گونجتی رہے گی ، ان کی صلاحیتوں اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔