اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں کسی جماعت کے شامل ہونے سے معاملہ رُک نہیں سکتا۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جیل بھر تحریک کا اعلان کیا ہے۔پہلے بھی ان کے ہتکھنڈے ناکام ہوئے ہیں،عمران خان کو معلوم ہی نہیں کہ جیل میں رہنا کتنا مشکل ہے۔
عمران خان نے اپنی سیاسی زندگی میں صرف ایک دن کی جیل کاٹی۔عمران خان کا مقصد سیاسی افراتفری ہے وہ اس میں ناکام ہوں گے۔راناثناء اللہ نے مزید کہا کہ اے پی سی میں تمام جماعتوں کی شرکت کے لیے دو دن بڑھائے ہیں۔یہ قومی معاملہ ہے اس پر تمام جماعتوں کو مل کر حل نکالنا ہوگا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں اتفاق رائے کے بعد حکومت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔
اسی حوالے سے گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت یا وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےپی ٹی آئی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شمولیت کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی لیکن ابھی تک اس ضمن میں تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔
جبکہ اے پی سی میں پی ٹی آئی کو دعوت کے بعد پاکستان تحریک انصاف شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو نامزد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ اے پی سی میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے۔
اس حوالےسے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بھی مشورہ دیا ہے وزیر اعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی طرف سے نمائندگی کے لئے بھیجا جائے۔ عمران خان سے ملاقات کے دوران فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ ہمیں شیخ رشید اور اعظم سواتی کو اے پی سی کے لئے نامزد کرنا چاہیے۔شیخ رشید احمد وزیرداخلہ رہ چکے ہیں اور ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں جبکہ اعظم سواتی بھی سینئر سیاستدان کے طور پر اے پی سی میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی سربراہ عمران خان کریں گے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.