کاؤنٹ ڈاؤن شروع‘ 15 اپریل تک جنرل الیکشن کا شیڈول آجائے گا
راولپنڈی(مسائل نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، 15 اپریل تک جنرل الیکشن کا شیڈول آجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اعتمادکا ووٹ لینا ہوگا، نوازشریف بھی واپس نہیں آئیں گے اور ان کی سیاست پرقل پڑھا جائے گا کیوں کہ زرداری ن لیگ سے پرانا حساب پورا کر رہا ہے، زرداری ایک کو لندن دوسرے کو رائیونڈ چھوڑ کر آئے گا جب کہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی بھی جنم جنم کی مخالف ہے، اس لیے ایم کیو ایم الیکشن بائیکاٹ کے ساتھ حکومتی اتحاد سے بھی باہر نکلے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے، کاؤنٹ ڈاؤن شروع 15اپریل تک جنرل الیکشن شیڈول بھی آجائے گا، پی ڈی ایم منہ چھپانے کی بجائے مقابلے کی طرف آئے ورنہ قصہ پارینہ بن جائے گی کیوں کہ وزیرخزانہ کے بیان کے بعد فارن کمرشل اکاؤنٹ بھی لوگوں نے خالی کرنا شروع کردیے ہیں، ایک طرف آٹےکی لائن ہوگی اور دوسری طرف بینک کے شٹرڈاؤن ہوں گے۔
ادھر ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کی بازگشت کے بعد جیو نیوز کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو الیکشن سے متعلق تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انتخابات سے متعلق تجاویز بھی مانگ لیں، اس حوالے سے سابق صدر آصف زرداری کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس لاہور میں ہوا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے صوبائی اسمبلی میں ادا کیے گئے کردار پر شرکاء کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کی کوشش کی گئی، جس پر پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس میں آصف علی زرداری نے پنجاب میں آئندہ انتخابات سے متعلق تجاویز طلب کرتے ہوئے رہنماؤں کو انتخابات کے حوالے سے تیاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف نے پارٹی کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کی ہدایت کی، نواز شریف کی ن لیگی قیادت اور کارکنوں کو جنرل الیکشن کیلئے بھی متحرک ہونے کی ہدایت کردی، اجلاس میں نواز شریف نے پاکستان کی معاشی صورتحال کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا اور اسی کو بنیاد بنا کر ن لیگی امیدواروں کو الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتایا جائے اگر ہم حکومت میں نہ آتے تو پاکستان ڈیفالٹ ہو جاتا۔
میڈیا رپورٹس سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سینئر پارٹی قیادت نے نواز شریف کو رواں ماہ واپسی کی تجویز دی تھی، نواز شریف کو سیاسی صورتحال کے پیش نظر واپسی کی تجویز دی گئی تھی تاہم نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو جواب دیا کہ فی الحال واپسی ممکن نہیں ہے، مریم نواز کی رواں ماہ واپسی کا امکان ہے، مریم نواز کی رپورٹ پر واپسی کا فیصلہ کروں گا۔