سینٹر اعظم سواتی نے شہباز شریف کیخلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینٹر اعظم سواتی نے شہباز شریف کیخلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست میں رانا ثنا اللہ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز آپریشن ہیڈ کے خلاف بھی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے درخواست تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہےکہ 25 مئی کو پرامن آزادی مارچ میں شرکت کی جس میں پولیس نے بلاجواز تشدد کیا۔ پولیس تشدد سے بازو اور جسم کے دوسرے حصوں پر زخم آئے ہیں۔اعظم سواتی نے کہا کہ مجھے زخمی حالت میں پولی کلینک ہسپتال لے جایا گیا۔ سینیٹر اعظم سواتی نے میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ جمع کروا دی ہے۔
- Advertisement -
انہوں نے کہا کہ پولیس کی پرتشدد کارروائیوں سے میری گاڑی کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
درخواست میں نامزد افراد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کرے۔سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ اگرمقدمہ درج نہ کیا گیا تو عدالت جائیں گے۔دو روز قبل اسلام آباد میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان ، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف 16 مقدمات درج کیے گئے تھے۔
جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، زرتاج گل ، علی امین گنڈا پور اور خرم نواز کے نام بھی شامل ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف راستوں کی بندش، کار سرکار میں مداخلت ، پولیس پر حملہ اور املاک کو نقصان پہنچنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے۔پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات تھانہ آبپارہ ، تھانہ ترنول ، کوہسار، بہارہ کہو، رمنا، سیکرٹریٹ اور تھانہ لوہی بھیر میں درج کیے گئے ہیں۔
جبکہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دور ان جلائو گھیرائو،توڑ پھوڑ پر تھانہ کراچی کمپنی میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف چھٹا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ مقدمہ میں عمران خان،شاہ محمود قریشی،اسد عمر،علی نواز،فیصل جاوید،علی امین گنڈا پور،راجہ خرم نواز ،سیف اللہ نیازی،ملک رفیق،شیریں مزاری،زرتاج گل ملزمان نامزد کئے گئے ہیں ،مقدمہ میں دو سو نامعلوم افراد کو بھی ملزم ظاہر کیا گیا ۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے حکومت مخالف ریلی نکالی،نعرہ بازی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی،ملزمان کو منع کرنے پر مشتعل ہو کر پولیس سے مزاحمت کی،ملزمان نے پولیس پر پتھراؤ کیا،سرکاری و پرائیویٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے پتھراؤ سے سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا،ایف آئی آر سب انسپکٹر سید عاصم غفار کی مدعیت میں درج کی گئی۔
علاوہ ازیں سرگودھا میں 25 مئی کو لانگ مارچ میں شرکت کے لئے موٹروے کی جالیاں کاٹ کر گاڑیاں موٹروے پر چڑھانے اور پولیس پر دھاوا بول کر ڈی ایس پی کی گاڑی کے شیشے توڑنے،سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر دس نامزد اور 60 نامعلوم شرکا قافلہ کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے چھاپے مارتے ہوئے مصروف تفتیش ہے۔