صوبائی وزیر زراعت و پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما میر علی حسن زہری کے ہمراہ ایڈووکیٹ سلیم لاشاری کی صدر زرداری کے ساتھ ملاقات ،
اسلام آباد (مسائل نیوز) معروف قانون دان ایڈووکیٹ سلیم لاشاری پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ۔صوبائی وزیر زراعت و پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما میر علی حسن زہری کے ہمراہ ایڈووکیٹ سلیم لاشاری نے صدر زرداری کے ساتھ ملاقات کی اور پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وزیرِ زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لئے میری بہت زیادہ رہنمائی اور اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت جناب آصف علی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی جناب بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ۔ ایڈووکیٹ سلیم لاشاری، جو جسٹس (ریٹائرڈ) احمد خان لاشاری کے فرزند، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن اور بلوچستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین رہ چکے ہیں۔ایڈووکیٹ سلیم لاشاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو عوامی خدمت، جمہوری استحکام اور ملک میں انصاف کے مو¿ثر نظام کے قیام کے لیے حقیقی معنوں میں جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے ایک محنتی، باصلاحیت اور ذمہ دار کارکن کی حیثیت سے اپنی سیاسی اور سماجی خدمات مزید بہتر انداز میں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیرِ زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری نے ایڈووکیٹ سلیم لاشاری کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت پارٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے جس سے تنظیمی، قانونی اور سیاسی سطح پر پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ میر علی حسن زہری نے امید ظاہر کی کہ ایڈووکیٹ سلیم لاشاری اپنے وسیع تجربے اور قانونی مہارت کے ذریعے پارٹی کے وژن اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے میں اہم اور بھرپور کردار ادا کریں گے۔