فلم کی شوٹنگ یا خطرناک اسٹنٹ؟ ہالی وڈ اداکارہ اینی ہتھاوے سیڑھیوں سے کر زخمی
نیویارک(مسائل نیوز)ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اینی ہتھاوے نیویارک میں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک ناخوشگوار حادثے کا شکار ہو گئیں جب وہ سیڑھیوں سے نیچے گرتے ہوئے زخمی ہو گئیں۔
یہ واقعہ ان کی آنے والی فلم دی ڈیول ویئرز پراڈا 2 کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔ حادثے کے فوری بعد اینی نے خود کو سنبھالا اور وہاں موجود عملے کو تسلی دی کہ وہ خیریت سے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ نہ صرف زمین پر گری ہوئی ہیں بلکہ ان کا پاؤں بھی مڑا ہوا نظر آتا ہے جس نے مداحوں کو خاصا پریشان کر دیا۔ ان تصاویر نے مداحوں کے درمیان یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا یہ واقعی ایک حقیقی حادثہ تھا یا پھر فلم کے کسی منظر کا حصہ ہے۔
- Advertisement -
تاحال اس حوالے سے فلم کے پروڈکشن ہاؤس کی طرف سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے تاہم اداکارہ کی جانب سے فوری طور پر میں ٹھیک ہوں کہہ دینا مداحوں کے لیے کسی حد تک تسلی بخش ضرور رہا۔
یاد رہے کہ اینی ہتھاوے کا شمار ہالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور انہیں ہالی ووڈ واک آف فیم پر اپنا اسٹار بھی مل چکا ہے۔
مداح سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں اور فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے بھی مزید اپ ڈیٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔