ضلعی انتظامیہ لاہور نے اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کر دئیے
لاہور (مسائل نیوز)ضلعی انتظامیہ لاہور نے اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کر دئیے،گلبرگ تھری گھر کی سپرداری کرا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کر دئیے ہیں،اسحاق ڈار کی 7 ایچ گلبرگ تھری ہجویری ہاؤس کی سپرداری کروا دی گئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا مراسلہ بھی بینک انتظامیہ کو جاری کر دیا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس کی بحالی کا مراسلہ نیب کی ہدایت پر بھیجا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیب لاہور نے ضلعی انتظامیہ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کرنے کیلئے مراسلہ جاری کیا۔نیب نے 5 ارب،58 کروڑ،80 لاکھ کے پانچ بینک اکاؤنٹس اور گھر کو بحال کرنے کا مراسلہ جاری کیا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد 7 ایچ گلبرگ تھری ہجویری ہاوس کو واپس کیا جائے،اسحاق ڈار کے بینک کے اکاؤنٹ میں 50 کروڑ 79 لاکھ روپے کو بحال کیا جائے۔
- Advertisement -
وفاقی وزیر خزانہ کے دوسرے بینک اکاونٹ میں 3 لاکھ 65 ہزار روپے بحال کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے نیب کو دوبارہ خط کی تصدیق بارے مراسلہ لکھا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق نیب نے جو اسحاق ڈار کی جائیداد اور اکاونٹس کی بحالی کا مراسلہ بھیجا ہے اس کی تصدیق کی جائے۔ جبکہ نیب قوانین میں تبدیلی کے بعد احتساب عدالت اسلام آباد نے آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی ختم کی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس بند کیا۔عدالت نے ریفرنس نیب کو واپس بھیجوایا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نیب کی نئی ترامیم کے بعد یہ کیس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔