ڈکی بھائی تو پکڑا گیا لیکن! جانتے ہیں کون کون سے یوٹیوبرز آن لائن جوئے کی اپیس کو پروموٹ کررہے ہیں؟
لاہور(مسائل نیوز)پاکستان میں آن لائن جوا ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور تازہ تحقیقات نے یہ انکشاف کیا ہے کہ اس بحران کو مقبول سوشل میڈیا انفلوئنسرز بڑھاوا دے رہے ہیں۔
تحقیقاتی اداروں اور ذرائع کے مطابق متنازعہ بیٹنگ ایپ ورلڈ 777 نے بھاری سرمایہ سوشل میڈیا مہمات پر لگایا ہے جس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کوآسان پیسے اور تفریحی چیلنجز کے نام پر خطرناک آن لائن جوا کھیلنے کی ترغیب دی گئی۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کئی معروف شخصیات اس ایپ کے پروموشن میں ملوث رہی ہیں جن میں یوٹیوبر نادر علی، ایمن زمان، وردہ ملک، جویریہ اورنگزیب، عبیرہ خان، فریال فیری، نعمان کاظمی اور فرقان خان شامل ہیں۔
ان کے بنائے گئے ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس تیزی سے وائرل ہوئے اور نوجوانوں کو بیٹنگ کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ بنے۔
- Advertisement -
ماہرین کے مطابق ان پرکشش اشتہارات اور انفلوئنسرز کی تشہیر کے پیچھے ایک خطرناک مالیاتی نقصان چھپا ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے ہر ماہ اربوں روپے ملک سے باہر منتقل ہو رہے ہیں، جو نہ صرف معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ عام شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں کو مالی اور نفسیاتی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
ذہنی صحت کے ماہرین نے بیٹنگ کی لت کے بڑھتے ہوئے کیسز کی نشاندہی کی ہے جو خاص طور پر نوجوان طبقے میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل بھی شدید دیکھنے میں آیا ہے۔ صارفین نے انفلوئنسرز پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں قومی فراڈ کا حصہ قرار دیا ہے۔
سرکاری اداروں کا کہنا ہے کہ منی ٹریل کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ایسے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا جائے گا جو ان غیر قانونی ایپس کو چلانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ریگولیٹری باڈیز نے عندیہ دیا ہے کہ سخت ڈیجیٹل قوانین اور بھاری جرمانے نافذ کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں ایسی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے۔