کوہاٹ،تاندہ ڈیم کی سیرکو آئے طلباء کی کشتی الٹ گئی
کوہاٹ (مسائل نیوز)صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں سیر کے لیے آنے والے مدرسے کے طلباء کی کشتی الٹنے سے 10 بچے جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں سیر کیلئے آئے افراد کی کشتی ڈوب گئی، کشتی میں 30 افراد سوار تھے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی، ریسکیو حکام نے 17 بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 10 بچے جاں بحق ہوگئے جو کہ مدرسے کے طالب علم تھے اور جن کی عمریں 10 سے 15 سال ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف نے بتایا کہ سیر کے لیے آئے ہوئے افراد کی کشتی ڈوب گئی ہے، کشتی میں 30 افراد سوار تھے جس میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔
دوسری طرف صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس لسبیلہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 39 مسافر جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم ندیم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت 48 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد 3 افراد کو فوری طور پر ریسکیو کرلیا گیا لیکن اس کے بعد بس میں آگ لگنے کے باعث دیگر افراد پھنس کر رہ گئے۔
- Advertisement -
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 39 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، ان میں سے زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اس لیے اُن کا ڈی این اے کرایا جائے گا تاکہ لاشوں کی شناخت ہوسکے اور انہیں لواحقین کے حوالے کیا جاسکے جب کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مسافر بس کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی جس کو ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث اس وقت حادثہ پیش آیا، جب بس چینکی استاپ کے قریب موڑ کاٹ رہی تھی کہ اس دوران کوچ کھائی میں جاگری جس کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی۔