دبئی کی بارش میں برج خلیفہ نے بھی چھتری تھام لی
دبئی (مسائل نیوز) دبئی کی بارش میں برج خلیفہ نے بھی چھتری تھام لی، شیخ حمدان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر لاکھوں لوگوں نے پسندیدگی کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز دبئی کے رہائشی برساتی صبح اور بادلوں سے چھپے ہوئے آسمان اور پانی سے بھری سڑکوں کے ساتھ بیدار ہوئے، سوشل میڈیا بھی متحدہ عرب امارات کے بھیگے شہروں کے قدرتی مناظر سے بھر گیا، اس دوران شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی طرف سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو نے بلاشبہ زیادہ دلچسپی حاصل کی اور شہر بھر میں اس کا چرچا ہوگیا، جس کی وجہ صرف یہ نہیں کہ دبئی کے ولی عہد نے اسے شیئر کیا بلکہ CGI اینیمیٹڈ ویڈیو کے پیچھے تخلیقی صلاحیتوں اور مزاح کی وجہ سے بھی لوگوں نے اسے پسند کیا۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے شیخ حمدان نے یرا دبئی، چھتری اور کلاؤڈ ایموجیز کے ساتھ لکھا کہ ’’یہ سال کا وہ وقت ہے!‘‘ ڈیجیٹل طور پر ترمیم شدہ ویڈیو میں شہر کی اسکائی لائن کا ستارہ برج خلیفہ چھتری کو ظاہر کرنے کے لیے پہلے دو حصوں میں ‘تقسیم ہوتا ہے، اس کے ساتھ ہی #DubaiDestination کے ہیش ٹیگ اور لوگو والی شفاف چھتری کھلتی ہے جو دنیا کی بلند ترین عمارت کو ڈھانپ لیتی ہے۔
- Advertisement -
بتایا گیا ہے کہ پوسٹ کے تقریباً 2 گھنٹوں بعد ہی اس ویڈیو کو 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد لائکس مل گئے، کیوں کہ اس نے رہائشیوں کے دل جیت لیے، یہی وجہ ہے کہ کمنٹس سیکشن صارفین سے بھرا ہوا ہے جو ریڈ ہارٹ ایموجیز پوسٹ کر رہے ہیں، جو شہر کے لیے ان کی محبت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس سے پہلے متحدہ عرب امارات میں موسمیات کے قومی مرکز (این سی ایم) نے رہائشیوں کو بارش میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ سیلاب اور جمع ہونے والے بارشی پانی والے علاقوں سے دور رہیں، احتیاط سے گاڑی چلائیں اور پانی بھرے علاقوں سے گریز کریں کیوں کہ آئندہ چند روز تک ملک غیر مستحکم موسم سے متاثر ہوگا، اس کے ساتھ مختلف شدت کے بادلوں کی گرج چمک اور بارش جاری رہے گی، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔