اب آپ کا انٹرنیٹ بھی چلے گا نہیں بلکہ دوڑے گا! پاکستان میں وائی فائی 7 کے اجرا کی منظوری
اسلام آباد(مسائل نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وائی فائی کی نئی ترین ٹیکنالوجی وائی فائی 7 کے اجرا کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پاکستان ایشیا پیسیفک خطے کے ان ابتدائی ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو اس جدید ترین نیٹ ورک معیار کو اپنا رہے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وائی فائی 7 اور اس کے بعد آنے والی ٹیکنالوجیز 6 گیگا ہرٹز فریکوئنسی بینڈ پر کام کریں گی۔ یہ فیصلہ پاکستان کے ڈیجیٹل جدت پسندی، قیادت اور جدید ٹیکنالوجی کے مضبوط نظام کی تشکیل کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
وائی فائی 7 نہ صرف انتہائی تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرے گا بلکہ کم ترین لیٹنسی اور پائیدار کنیکٹیویٹی بھی یقینی بنائے گا۔
اس ٹیکنالوجی کے ذریعے آٹھ کے ویڈیو اسٹریمنگ، جدید ترین ورچوئل اور آگمینٹڈ ریئلٹی تجربات اور اہم صنعتی خودکاری کے منصوبے ممکن ہو سکیں گے۔
- Advertisement -
ماہرین کے مطابق نئی نسل کے وائی فائی کے استعمال سے پرانے فریکوئنسی بینڈز پر دباؤ کم ہوگا جس سے براڈبینڈ کی فراہمی کے اخراجات میں کمی آئے گی اور انٹرنیٹ سروسز زیادہ مؤثر اور قابلِ رسائی بن سکیں گی۔
یہ سہولت گھریلو صارفین، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، صحت کے شعبے، تعلیمی اداروں اور اسمارٹ شہروں میں کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر بنائے گی۔
اس فیصلے کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ تیز اور مستحکم انٹرنیٹ نہ صرف عوام کو سہولت دے گا بلکہ ملک میں ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں پاکستان کو زیرِ سمندر کیبلز کو نقصان پہنچنے کے باعث انٹرنیٹ سروس میں مشکلات کا سامنا ہے۔