بلدیاتی انتخابات پہلے سال نہ کرانا حکومت کی غلطی تھی، وزیر اطلاعات
اسلام آباد(مسائل نیوز)وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ بلدیاتی انتخابات پہلے سال نہ کرانا حکومت کی غلطی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو پہلے سال ہی بلدیاتی الیکشن نہ کرانےکا نقصان ہوا، وزیراعظم مضبوط لوکل گورنمنٹ پریقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماڈرن حکومت کیلئےلوکل گورنمنٹ اہمیت رکھتی ہے، ماڈرن حکومت کونیچے سے اوپرکی طرف دیکھنا ہوگا، لوکل گورنمنٹ کی سب سے زیادہ مخالفت وزرائےاعلیٰ کررہےہیں۔جب تک سوچ کو آگے نہیں بڑھائیں گے ملک آگے کیسے بڑھےگا؟
وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ وفاق نے کراچی کو1100 ارب روپے کا پیکج دیا ،کراچی میں سندھ حکومت ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کررہی ، اسلام آباد سے بیٹھ کرکراچی کے مسائل کیسے حل ہوسکتے ہیں؟
وفاقی وزیر نے کہاکہ شہبازشریف نے بجٹ کا بڑا حصہ لاہورپرخرچ کیا،18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات وفاق سےصوبوں کومنتقل ہوئے،ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آرٹیکل 148 پرعمل درآمد نہ ہوناہے۔
فوادچوہدری نے کہاکہ سپریم کورٹ میں آرٹیکل 140 اے کی پٹیشن 6 سال سے زیر التوا ہے، سپریم کورٹ میں عمران خان کی پٹیشن پرسماعت ہی نہیں ہوتی۔
- Advertisement -
وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ ایم این ایز،ایم پی اے ، پولیس، پٹواری سےاوپرسوچنے پرراضی ہی نہیں۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ حکومتی وزرا کہتےہیں نیب ہم چلاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کیس کی سماعت کے بعد سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد کاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب حکومت اوراپوزیشن مشاورت سے بناتے ہیں، قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہاکہ 10 دن رہتے ہیں، مشاورت کا عمل شروع بھی نہیں کیا جاسکا ، حکومت چاہتی ہے 76 سالہ چیئرمین کو خلاف قانون توسیع دیں، چیئرمین نیب کو کیا ہمیں تفتیش کیلئے 4 سال مزید دینگے ہونگے۔
شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ کسی کو حق حاصل نہیں کسی کی زندگی سے کھیلا جائے،جس پر الزام لگانا ہے مقدمہ درج کرائیں، کسی کی زندگی سے نہ کھیلیں، بدقسمتی ہے کہ سیاست میں نامناسب روش اختیار کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ قانون کہتا ہے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہوسکتی ،کیا حکومت میں ہمت ہے قانون کی نفی کرکے چیئرمین نیب کوتوسیع دے، حکومتی وزرا اپنی کرپشن کا جواب دیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں غیرقانونی توسیع کی سخت مخالفت کرے گی۔