ہمیں گورنر راج کی ضرورت نہیں اور نہ ہم لگانا چاہتے ہیں
اسلام آباد (مسائل نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی گورنر راج کی ضرورت نہیں اور نہ ہم لگانا چاہتے ہیں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے گورنر راج کی کوئی دھمکی نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے راناثناء اللہ کا پنجاب میں داخلہ بند کرنے کا کہا تھا جس پر راناثناء اللہ نے کہا اگر پنجاب میں ان کا داخلہ بند کرتے ہیں تو یہ جواز گورنر راج کے لیے کافی ہو گا۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ فوج اور سیاستدان کی طرح عدلیہ کو بھی آئینی دائرہ کار میں رہنا ہے۔اگر کوئی حدود سے تجاوز کرے گا تو اسے حدود میں رکھنے کے لیے کچھ فیصلے کرنا ہوں گے۔پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کی حکومت دوچار دنوں کی مہمان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت چند روز کی مہمان ہے، عمرا ن جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔
- Advertisement -
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری سیاست کی فکرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا،اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے،تم نے امریکہ کی سپورٹ پر، این جی او کی سپورٹ پر، اداروں کی سپورٹ پر سیاست کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں،آپ کا گھر بھی امریکی قونصلیٹ سے چلا اور بنا، ہم اس سیاست کو دفن کردیں گے۔ اس سیاست کو چلنے نہیں دینگے، ہم عمران خان کے بوگس بیانیہ کو زمین بوس کرچکے ہیں اور یہ جنگ جیت چکے ہیں، تم حادثات کے ذریعے سیاست چمکانہ چاہتے ہو اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگر قانون میں کہیں سقم ہے تو اس پر قانون سازی ہونی چاہیے۔