پنجاب اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ایک بار پھر ملتوی
لاہور (مسائل نیوز) پنجاب اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی ایک بار پھر ملتوی،اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اجلاس 16 مئی تک ملتوی کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ایک بار پھر ملتوی کردیا ہے۔ اسپیکر آفس کی جانب سے اجلاس 16 مئی تک ملتوی کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے فوری طور پر اجلاس ملتوی کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی ہے تاہم کہا جارہا ہےکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ اجلاس امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کیا ہے۔ ذرائع کاکہنا ہےکہ آج پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس متوقع تھا جس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بھی اپنی تیاری پوری کر رکھی تھی۔
- Advertisement -
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں آج ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونی تھی، صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور پولیس نے سیکریٹری کوآرڈینیشن پنجاب اسمبلی عنایت اللّٰہ لک کو گورنر ہاؤس کے باہر سے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ عدالت جا رہے تھے ، پولیس نے انہیں لاہور کے تھانہ گڑھی شاہو منتقل کر دیا ، انہیں کس مقدمے میں حراست میں لیا گیا اس حوالے سے کچھ بھی معلوم نہیں ہوسکا۔
چند روز قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کے اسٹاف کو معطل کردیا تھا ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کے اسٹاف ملازمین میں دو اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسرز اور ایک اسٹاف آفیسر کو معطل کیا ، معطل ہونے والوں میں محمد شاہد، عظیم بٹ اور محمد امان خالد وائیں شامل ہیں جب کہ اسپیکر نے تینوں افسران کے خلاف انکوائری کا حکم بھی دیا ۔
دوسری طرف ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ نے مجھے چھٹی پر چلے جانے کا کہا تھا، میں ان کا ذاتی ملازم ہوں جو ان کی ہر بات مانوں۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پرویز الہیٰ کی پارٹی میں نہیں، جب کوئی جماعت جوائن کروں گا تو سب کو بتا دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی ناجائز کام کرنے کو کہیں گے تو ہرگز نہیں کروں گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ قانون کی پاسداری کی ہے تو کہتے ہیں پارٹی چھوڑ گئے اور منحرف ہو گئے۔کچھ لوگ سسٹم کو ڈی ریل اور جمہوریت کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، پرویز الہیٰ اور پی ٹی آئی نے صوبہ میں آئینی بحران پیدا کیا۔