پی ٹی آئی نے آئین سے کھلواڑ کا جو سلسلہ وفاق میں شروع کیا وہ اب پنجاب میں ہو رہا ہے‘ حمزہ شہباز
لاہور(مسائل نیوز) نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئین سے کھلواڑ کا جو سلسلہ وفاق میں شروع کیا وہ اب پنجاب میں ہو رہا ہے ،روز نیا تماشہ کھڑا کرتے ہیں،آپ سے توشہ خانے کا حساب دیا نہیں جارہا اور آپ کہہ رہے ہیں میرا تحفہ میری مرضی ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کی رہائشگاہ پر وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ قائد ایوان بننے کے بعد آصف زرداری ، بلاول بھٹو ، حسن مرتضی اور ان کی پارٹی کے دیگر رفقاء کا شکریہ کرنے آیا ہوں ۔انہوںنے کہا کہ سب نے دیکھا کس طرح گورنر چوہدری سرور کو فارغ کردیا گیا ،پنجاب اسمبلی کے ایوان کے اندر جو ہوا سب کو اس کی خبر ہے ،کس طرح گیلری سے اپنے غنڈوں کو بلایا جارہا تھا اورانہوں نے آکر کس طرح مار پیٹ کی ،اللہ سب کو صحت دے ،چوبیس گھنٹوں میں ٹوٹا ہوا بازو بھی جڑ گیا۔
- Advertisement -
انہوںنے کہاکہ غریب کے بچے بھوکے ہیں ،عمران نیازی کو کیا قوم پر رحم نہیں آتا،روز نیا تماشہ کھڑا کرتے ہیں،حکومت میں آنے والی ساری جماعتیںعوام کے لئے کچھ نہ کچھ کر رہی ہیں ،شروع دن سے عوام کے لئے کام کا آغاز کریں گے ، ہماری کوشش ہو گی کہ یہ اتحاد چلے،جمہوریت میں مشاورت ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مل کر ایسی انتخابی اصلاحات کرجائیںکہ لوگ اس کو یاد کریں،پیپلز پارٹی بھی آزادانہ منصفانہ انتخابات چاہتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تمام معاملات پر جھوٹ بولا ،جی ایس پی پلس کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی صاحب یہ پنجاب کا ایوان ہے جنہوںنے زیادتی کی ان کو سزا ضرور ملے گی۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، سب نے مل کر صوبے کی عوام کی خدمت کرنی ہے ۔انہوںنے کہا کہ گورنر پنجاب کو چاہیے تھا کہ وہ اپنا آئینی کردار ادا کرتے لیکن انہوںنے آئین شکنی کی ۔