مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست، وکیل کو دلائل کیلئے کل تک مہلت
لاہور(مسائل نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے وکیل کو دلائل کیلئے کل تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ن لیگی رہنما مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست وکیل رانا شاہد کی وساطت سے دائر کی گئی۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مریم نواز کے خلاف توہین کا نوٹس جاری کیا جائے۔
- Advertisement -
عدالت نے وکیل سے عدالتی فیصلوں کے حوالے طلب کئے کہ ان کی درخواست پر کیسے سماعت کر سکتے ہیں جس پر وکیل نے عدالت سے مہلت طلب کر لی۔
واضح رہے کہ مریم نواز کے خلاف سرگودھا میں تقریر پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ نوازشریف کے خلاف سازش میں 5 افراد کا ٹولہ شامل تھا، یہی ٹولہ پاکستان کی بدحالی کا ذمہ دار ہے، ان کا سرغنہ جنرل (ر) فیض حمید تھا جبکہ دیگر افراد کے حوالے سے انہوں نے جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس اعجاز الاحسن، ثاقب نثار اور عظمت سعید کھوسہ کے نام لئے تھے۔