کوئٹہ(ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ وحدت فکر کے ذریعے ہی وحدت عمل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں متفقہ قومی بیانیہ کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے. گورنر بلوچستان نے قومی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان قومی کانفرنس برائے قومی یکجہتی اور پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے ادارہ تحقیقات اسلامی اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام کی شعوری کاوشوں کے بہت جلد دوررس اثرات مرتب ہوں گے.
- Advertisement -
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں ایک سادہ مگر پروقار پیغام پاکستان کانفرنس برائے قومی یکجہتی اور امن کے قیام کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، اراکین صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید، قادر مائل، بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز صاحبان،ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاءالحق، علماءکرام، خواتین اور میڈیا پرسنز سمیت زندگی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے.
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے پیعام پاکستان کانفرنس برائے قومی یکجہتی اور پائیدار امن کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی. پیغام پاکستان قومی کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے اللہ تعالیٰ نے قیام پاکستان کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو بالخصوص اور عالم اسلام کو بالعموم ایک بہت بڑا عطیہ عطاءفرمایا ہے.