عوام دوست منصوبوں اور پالیسیوں کو پورے ملک میں متعارف کرائیں گے،بلاول بھٹو زرداری
لاڑکانہ (ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ شہروں کی صفائی، مفت اسپتالوں کے نظام کے قیام اور کچی آبادیوں کے باسیوں کو مالکانہ حقوق دینے جیسے عوام دوست منصوبوں اور پالیسیوں کو پورے ملک میں متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسلام آباد میں حکومت کے جمع ہونے والے کچرے کا بھی 27 فروری کو صفایا کردیں گے۔
- Advertisement -
لاڑکانہ میں سندھ سالڈ ویسٹ منجمنٹ بورڈ کے تحت صفائی کے آغاز کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی صفائی ستھرائی ایک مسئلہ تھا۔ شہر کی آبادی تو بہت تیزی سے بڑھتی گئی، لیکن سینیٹری ورکرز کی تعداد جتنی قائدِ عوام کے دور میں تھی، بعد میں اتنی ہی رہی، اس میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ سندھ کے دارالخلافہ کراچی میں بھی اسی طرح کے مسائل تھے۔
سابقہ بلدیاتی اداروں کے دور میں، کراچی میں جہاں جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے موجود تھے، انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمینٹ کے ساتھ مل کر اور ماہرین کے تعاون سے علاقوں سے کچرا اٹھانے کا سلسلہ شروع کیا جائے، جس کے نتیجے میں وہاں بھتری نظر بھی آنے لگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے مرتضی وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوئے ہیں، انہوں نے کے ایم سی، محکمہ بلدیات اور ماہرین کے ساتھ مل کر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمینٹ کا کام باقی اضلاع میں بھی شروع کردیا ہے۔