گرفتاریاں،جیلیں اور مقدمات حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے
راولپنڈی (مسائل نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں،جیلیں اور مقدمات حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جو ضمیر برائے فروخت کے نام سے حکمران بنائے گئے تھے،انہوں نے ملک برائے فروخت کے بورڈ لگا دئیے۔اگر کچھ دن گزارنے ہیں تو معیشت ٹھیک کرنی ہو گی،آئی ایم ایف کا مسئلہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے،صوبائی الیکشن 90 دن میں نہ کرانا خطرے کی گھنٹی ہے۔
200 کا ڈالر دینے والے ارسطو ڈار نے 250 کا ڈالر کرنے کی اجازت دے دی،ایل سی کھل نہیں رہی اور بینکوں میں بھونچال ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لوگ دھکے کھا رہے ہیں سب ڈرامے ایک نااہل حکومت کو مسلط رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں،فوری الیکشن نہ ہوئے تو قحط زدہ قوم کے غضب کے آگے کوئی نہیں کھڑا ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے اردو پوائنٹ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں رشید احمد نے تہلکہ خیز دعوے کیے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مہنگائی 50 فیصد ہو جائے گی،پھر یہاں خانہ جنگی ہو گی، ابھی یہاں ایک دوسرے کے گھر، پرس، فون، موٹرسائیکل، گاڑیاں لوٹی جائیں گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ الیکشن کروانا ہوں گے،الیکشن کی تاریخ نے دی گئی تو پھر یہاں فسادات ہوں گے، یہ جو مرضی کر لیں، الیکشن ہی حل ہے کتنی دیر بھاگیں گے؟ اچانک ہی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے فواد چوہدری کی گرفتاری اور اپنی گرفتاری کے امکانات کے حوالے سے کہا کہ ہم تو سیاسی کارکن ہیں ہر وقت گرفتاری کیلئے تیار ہیں، ہمارے گھر کسی کو فورس لانے کی ضرورت نہیں ہے، میں نے ہر وقت اپنا بیگ تیار کیا ہوتا ہے جو گرفتاری کی صورت میں ساتھ لے کر جاؤں گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ فواد چوہدری اچھا بندہ ہے، تحریک انصاف میں محنت کرنے والا ہے، اوروں کو بھی گرفتار کر لیں۔