’چین سے کورونا کی نئی قسم کے پاکستان آنے کا کوئی خطرہ نہیں‘
اسلام آباد (مسائل نیوز) قومی ادارہ صحت (نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ) نے کورونا کی نئی قسم سے متعلق زیرگردش خبروں کی تردید کردی۔ دنیا نیوز کے مطابق این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ادارے نے کورونا سے متعلق صورتحال پر کڑی نظررکھی ہوئی ہے، کورونا کی نئی قسم سے متعلق غیرمصدقہ خبریں گردش میں ہیں، این سی او سی نے تصدیق کی ہے فی الحال ایسا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا کہ چین میں پھیلنے والے کورونا کے نئے ویرینٹ کے پاکستان میں بھی آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، اس حوالے سے جیو نیوز نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ چین میں لاک ڈاؤن کھلنے اور فری ٹریولنگ سے پاکستان میں کورونا کا نیا ویرینٹ آنے کا خطرہ ہے۔
حکام نے کہا کہ ماضی میں بھی کورونا کے نئے ویرینٹ آئے جنہیں بروقت کارروائی سے کنٹرول کیا گیا اور اب بھی پاکستان کورونا کے کسی بھی نئے ویرینٹ کو کنٹرول کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ملک میں انسداد کورونا ویکسین لگنے کے باعث اب خطرہ کم ہے، پاکستان میں کورونا ویکسین کی اہل 90 فیصد آبادی کی ویکسنیشن مکمل ہے جبکہ 95 فیصد آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔
- Advertisement -
ادھر عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ ہمیں حالیہ مہینوں میں چین میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر تشویش کا سامنا ہے، بحیثیت عالمی ادارہ صحت کے ہمیں اس پیچیدہ بیماری کے بڑھتے ہوئے کیسوں پر اندیشوں کا سامنا ہے۔ سویڈن میں تنظیم کے جنیوا مرکز میں سال 2022 کی آخری پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل نے حالیہ مہینوں میں چین میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ صورتحال کے جامع جائزے کے لئے چین حکومت سے اعداد و شمار کا تبادلہ کرنے اور کورونا کیسوں کے بارے میں تحقیقات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔