واشنگٹن(مسائل نیوز)امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اندورونی سیاست میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بریفنگ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی اندرونی سیاست میں دخل اندازی نہیں کر سکتے،پاکستانی سیاسی نظام اور عدالت کے درمیان کسی تنازع پر بات نہیں کر سکتے۔
امریکا نے سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بریفنگ میں کہا کہ ارشد شریف کے خاندان اور ساتھیوں سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اورکینیا حکومت پر زور دیتے ہیں کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ ارشد شریف کے کام سے دنیا واقف تھی، ان کی موت کی مکمل معلومات منظر عام پر ابھی تک نہیں آئیں،امریکا صحافیوں کو بلا خوف کام کرنے کے حق میں اور آزادی صحافت کا حامی ہے۔
- Advertisement -
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے سے متعلق امریکا کے دنیا بھر میں مختلف پروگرام چل رہے ہیں،حق آزادی رائے دبانے والی حکومتوں کے خلاف ایکشن بھی لیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف اتوار کی رات کینیا کے علاقے نیروبی مگادی ہائی وے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔کینیا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتےدار چلا رہا تھا۔ مگادی ہائی وے پر پولیس نے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈ بلاک کیا تھا۔ کینیا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔