ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، پاک بھارت مقابلے کے 4 ہزار اضافی ٹکٹس آج فروخت ہوں گے
لاہور(مسائل نیوز) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء میں پاک بھارت مقابلے کے 4 ہزار اضافی ٹکٹس کیلیے ونڈو آج کھلے گی۔ آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے کے 4 ہزار اضافی ٹکٹس کیلیے ونڈو آج کھلے گی جس سے میلیرن کرکٹ گراؤنڈ میں نشست کے بغیر کھڑے ہوکر سنسنی خیز مقابلے کو دیکھنے کا موقع مل سکے گا، محدود تعداد میں سیٹس والے ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے۔
یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو روایتی حریفوں کے میچ کیلیے ٹکٹس فروری میں ونڈو کھلنے پر صرف 5 منٹ میں ہی فروخت ہوگئے تھے۔
ایونٹ کے قریب آئی سی سی ورلڈکپ میچز کے ٹکٹوں کی ری سیل کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔ اب تک چھ ممالک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، صرف ویسٹ انڈیز 2012ء اور 2016ء میں دو بار چیمپئن بنا ہے۔ گزشتہ سال دبئی میں اپنا پہلا ٹی ٹونٹی ٹائٹل جیتنے کے بعد آسٹریلیا دفاعی چیمپئن ہے ۔ ان کے علاوہ بھارت (2007ء)، پاکستان (2009ء)، انگلینڈ (2010ء) اور سری لنکا (2014ء) نے ایک ایک بار یہ ٹائٹل اپنے نام کررکھا ہے ۔