پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف آرٹیکل 6 کے مقدمات درج کرانے پر غور شروع
لاہور(مسائل نیوز) پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف آرٹیکل 6 کے مقدمات درج کرانے پر غور شروع کردیا ، صوبائی وزیر ملک احمد خان کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل 6 اور ہتک عزت کے مقدمات درج کرانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقدمات کے حوالے سے کسی ریاستی ادارے سے اجازت نہیں لینی کیوں کہ تمام ثبوت موجود ہیں کہ فواد چوہدری ، قاسم سوری اور عمر چیمہ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے آئین شکنی کی ہے، ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے ، اس کے علاوہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ہتک عزت کے مقدمات چلانے پر غور کررہے ہیں۔
ادھر وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی حکومت کی اہم شخصیات کیخلاف غداری کے مقدمات پر مشاورت کی تصدیق کردی ، میڈیا سے گفتگو کے دوران جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ وزرات قانون اور داخلہ آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ بنا رہی ہے؟ اس کے جواب میں اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ ہم مقدمے بنا نہیں رہے مگر جانچ ضرور کر رہے ہیں کیوں کہ کچھ دوستوں کا مشورہ تھا جیسے آئین کے ساتھ سلوک ہو رہا ہے آپ غور کریں ، جس کے بعد وزرات قانون اور داخلہ میں آرٹیکل 6 سے متعلق ابتدائی مشاورت کی گئی ہے ، اس حوالے سے قانونی رائے آنی ہے تاہم آرٹیکل 6 سے متعلق فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔
- Advertisement -
واضح رہے چند روز قبل خبر آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے آئین شکنی پر عمران خان حکومت کی اہم شخصیات کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ریفرنس کے لیے عدالتی احکامات اور عدالتی نظائر بھی طلب کیے گئے ہیں ، جن کو شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ، دنیا نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صدر پاکستان عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان ، سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا ، اس حوالے سے وزرات قانون و انصاف اور وزرات داخلہ نے ریفرنس کی تیاری شروع کر دی ہے ، بیانات اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کے عمل کا آغاز کردیا گیا۔
حکومت کا موقف ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے عمل میں واضح آئین شکنی کی گئی ، صدر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایماء پر آئین شکنی کی اور دستور کوسبوتاز کیا ، اسی طرح پنجاب اسمبلی میں بھی آئینی عمل کو سبوتاژ کیا گیا اور گورنر نے آئین شکنی کی ، صدر پاکستان عارف علوی نے پارٹی چئیرمن عمران خان کے حکم پر آئین قربان کر دیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قانون کے تحت آرٹیکل 6 کی کارروائی کرنے کی مجاز وفاقی حکومت ہے ، قانون کے تحت وفاقی حکومت ریفرنس تیار کر کے دائر کرتی ہے ، ریفرنس کے لیے عدالتی احکامات اور عدالتی نظائر بھی طلب کیے گئے ہیں ، جن کو شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔