اسلام آباد (ویب ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں جدید تحقیق اور آن لائن تعلیم کے طریقہ کار کو فروغ دینے کے لئے تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز بالخصوص مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، کلاو¿ڈ کمپیوٹنگ، روبوٹکس اور آٹومیشن کے میدان میں قوم کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
- Advertisement -
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ اجلاس کے دوران کیا۔ ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر جاوید محمود بخاری نے صدر مملکت کو سائنس اور انجینئرنگ کی معیاری تعلیم فراہم کرنے میں یونیورسٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ نے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلے بین المضامین تحقیقی مرکز قائم کیا ہے
تاکہ محققین کی اگلی نسل کو اس کی مہارت سے آراستہ کیا جا سکے اور نئی معلومات اور ٹیکنالوجیز تخلیق کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نسٹ ایک کثیر الشعبہ یونیورسٹی میں تبدیل ہو چکی ہے اور مختلف شعبوں جیسے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سوشل سائنسز و ہیومینٹیز اور آرٹس، ڈیزائن و آرکیٹیکچر میں تعلیم فراہم کر رہی ہے۔