MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

کوئٹہ: بلوچستان کے قومی شاہراہ پر مسافروں کا سفر غیر محفوظ، ٹرانسپورٹروں کا سخت احتجاج

0 18

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ(مسائل نیوز)بلوچستان کے ممتاز ٹرانسپورٹر میر محمد حنیف بنگلزئی اور حاجی دل مراد محمد حسنی ، میر محمد علی محمد حسنی اورحاجی اسحاق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر سفر کرنا اب خطرے سے خالی نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دن دہاڑے اور رات کے اوقات میں ڈاکو قومی شاہراہوں پر ناکہ لگا کر غریب مسافروں کو لوٹ رہے ہیں جس سے نہ صرف مسافروں بلکہ ٹرانسپورٹروں کو بھی شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں میں زیادہ تر غریب، دہاڑی دار اور محنت کش افراد سفر کرتے ہیں جنہیں ڈاکو موبائل فونز، نقد رقم حتیٰ کہ قومی شناختی کارڈز تک سے محروم کر دیتے ہیں۔ شناختی کارڈز چھن جانے کے باعث مسافروں کو مزید قانونی و سماجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کہنا تھا کہ بولان سے ڈیرہ مراد جمالی تک کوئٹہ، جیکب آباد قومی شاہراہ مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکی ہے، جہاں آئے روز ڈاکو مسافروں کو باآسانی لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں، جبکہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے رحم ڈاکو مسافروں سے پچاس روپے تک کی نقدی بھی نہیں چھوڑتے۔ پہلے یہ وارداتیں رات کے وقت ہوتی تھیں، اب دن کے اوقات میں بھی مسافر ویگنوں اور کوچز کو لوٹا جا رہا ہے اور متاثرین کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
ٹرانسپورٹروں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور کچی پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے اور ڈاکوؤں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس کے علاوہ انہوں نے علاقے کے معتبرین اور معززین سے بھی اپیل کی کہ وہ مسافروں اور عوام کے تحفظ کی خاطر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ مسافروں کے تحفظ اور ٹرانسپورٹروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجرم عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو مسافروں کو لوٹنے کی جرات نہ ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.