ایڈوائس صدرعلوی کے پاس چلی گئی،اب عمران خان کا امتحان ہے
اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایڈوائس صدر علوی کے پاس چلی گئی ہے۔اب عمران خان کا امتحان ہے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازعہ۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ صدر علوی کی بھی آزمائش ہے کے وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کریں گے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پہ، بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈر ادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔
۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھی خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں اعلٰی تقرریوں کیلئے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی ہے،صدر مملکت عارف علوی کو تعیناتیوں سے متعلق سمری ارسال کی گئی۔قانون اور آئین کے تحت سارے معاملات طے پائیں گے،آئینی ادارے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امید ہے صدر مملکت کوئی تنازع کھڑا نہیں کریں گے اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ صدر مملکت آئینی تعیناتی کو سیاسی نہیں کریں گے۔
- Advertisement -
پوری امید ہے کہ صدر مملکت عارف علوی اسے سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھیں گے۔آئین اور میرٹ کے تحت تعیناتی کی جا رہی ہے،صدر سپریم لیڈر ہیں،انہیں اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔یہ ایک مقدس فریضہ ہے اور صدر عارف علوی اسے بخوبی نبھائیں گے،یہ ایڈوائس وزیر اعظم کی ہے،کسی اور کی نہیں۔یاد رہے کہ لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کر دیا گیا ہے۔جب کہ لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ہوں گے۔انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔