MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

اعلیٰ عدلیہ شہریوں کو ریاستی و حکومتی زیادتیوں سے بچانے کب حرکت میں آئے گی؟

0 284

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ شہریوں کو ریاستی و حکومتی زیادتیوں سے بچانے کب حرکت میں آئے گی؟ سیاستدانوں، صحافیوں پر دہشتگردی کے الزامات لگانے اور انہیں بغاوت پر اکسانے کا سلسلہ جاری ہے، ہم نے تبدیلی حکومت کی سازش پروان چڑھتے بھی دیکھی، یہی وقت ہے اب عدلیہ حرکت میں آئے۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ارشد شریف کے قتل نے ملک بھر میں شدید صدمے کی لہر کوجنم دیا ہے۔ اس قتل نے اربابِ اختیار سے سوال پوچھنے یا انہیں ہدفِ تنقید بنانے کی جسارت کرنے والے ہر فرد کو نشانہ بنائے جانے کے رواں سلسلے کو پھر سے اجاگر کیا ہے۔ شہریوں کو آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق کی فراہمی اور انہیں ریاستی و حکومتی زیادتیوں سے بچانے اور محفوظ رکھنے کیلئے ہماری اعلیٰ عدلیہ کب حرکت میں آئے گی؟ ہماری نگاہوں کے سامنے شہریوں، سیاستدانوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو خوف و ہراس اور تشدد کا نشانہ بنانے، انہیں گرفتار کرنے، ان پر دہشتگردی کے الزامات دھرنے اور انہیں بغاوت پر اکسائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہم حکومتی اداروں کیجانب سے جھوٹے مقدموں کے اندراج اور اختیارات کے غلط استعمال میں اضافہ دیکھتے ہیں۔ ہم نے اپنی نگاہوں کے سامنے بیرونی مدد سے پاکستان میں تبدیلی حکومت کی سازش پروان چڑھتے اور پاکستان کو طوائف الملوکی کی بھینٹ چڑھتے دیکھا۔ مگر اعلیٰ عدلیہ خاموش تماشائی بنے اس سب سے لاتعلق رہی۔ عدلیہ آئین و قانون پامال کرنے والے ریاستی اداروں کیخلاف کب اقدام کرے گی؟ یہی وقت ہے کہ اب عدلیہ حرکت میں آئے! اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی سابق وزیراعظم عمران خان مرحوم ارشد شریف کے گھر تعزیت کے لیے گئے۔
عمران خان نے ارشد شریف کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ارشد شریف کے اہلخانہ اور والدہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عمران خان کے ہمراہ زلفی بخاری سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.