عمران خان کو لانے والے اب دوبارہ ایسی غلطی نہیں کریں گے
کراچی (مسائل نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے اب دوبارہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔انہوں نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات بہتری کی طرف نہیں جا رہے۔عمران خان کو لانے والے اب دوبارہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔لوگ آہستہ آہستہ عمران خان سے دوریاں اختیار کریں گے۔
منظور وسان نے یہ بھی کہا عمران خان کے بہت سے قریبی ساتھی ہماری پارٹی میں آ رہے ہیں۔صحافی نے سوال کیا کیا آپ ان کو قبول کریں گے، اس پر پی پی رہنما نے کہا بالکل، سیاست سے قبول کرنا پڑتا ہے۔جب تیسرا مرحلہ آئے گا تو عمران خان کے قریبی ساتھی انہیں خدا حافظ کہیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سندھ کے صوبائی وزیر منظوروسان نے پیشگوئی ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کو عام انتخابات سےپہلے ہٹایا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر عارف علوی ضرور ہٹیں گے اور 2023ء سے پہلے ہی ہٹیں گے جس کے بعد نیا صدر پاکستان کوئی بھی بنا تو وہ پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا۔ سندھ کے صوبائی وزیر نے کہا کہ رواں سال ملک میں عام انتخابات ہونا ممکن نہیں ، ہوسکتا ہے عمران خان آئندہ انتخابات میں نہ ہوں اور ان کی جگہ کوئی اور آئے ، عمران خان عام انتخابات میں پہلے جتنی سیٹیں نہیں جیت سکے گا، قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ یہ اہم اور خطرناک دن ہیں، آج سے عمران خان کی پوزیشن کم ہوتی جائے گی، میں اس نیب کی ترمیم کی حمایت نہیں کرتا اور نا ہی میرا کیس اس ترمیم کے ساتھ ہے،تھوڑی دیر بعد ترمیم ہوتی، ہم بھی اثاثہ جات کے کیس بناتے، یہ جواب دیتے تو خوشی ہوتی۔
منظور وسان نے کہا کہ الیکشن 2023 میں اہم شخصیات عمران خان کو چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں چلی جائیں گے، عمران خان کے کچھ لوگ کرپشن کے الزام میں گرفتار بھی ہوں گے، کرپشن کے الزامات میں دوسروں کو پھنسایا جاتا تھا اب حقیقت سامنے آئے گی ، ہو سکتا ہے الیکشن کے بعد خود عمران خان بیگم کے ساتھ باہر چلے جائیں۔