بلوچستان اسمبلی اجلاس، اراکین کی گیس پریشر کی کمی، امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش
کوئٹہ (مسائل نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس مسلسل دوسری بار کورم کی نشاندہی پر ملتوی کردیا گیا، سرکاری کاروائی نمٹائی نہ جاسکی ، اراکین اسمبلی کا گیس پریشر کی کمی، امن و امان کی مخدوش صورتحال، احتجاج کرنے والے فیزیو تھیراپسٹس اور لواحقین کوٹہ کے مظاہرین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار، ڈپٹی اسپیکر نے جی ایم سوئی سدر ن گیس کمپنی کوئٹہ کو منگل کو طلب کرلیا۔ ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر سردار بابرموسیٰ خیل کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر مبین خلجی نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو متنازعہ فیصلے کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے پی ڈی ایم کی جماعتیں چور دروازے سے اقتدار میں آئی ہیں ،عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں ،پی ڈی ایم پر تنقید کرنے پر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین بیک وقت بولتے رہے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے اراکین کی جانب سے استعمال کئے گئے غیر پارلیمانی الفاظ کو ہذ ف کردیا۔ صوبائی وزیر مبین خلجی نے یقین دہانی کروائی کہ وہ سیکرٹری اور ڈی جی معدنیات کو اپنے دفتر بلا کر مسئلہ حل کریں گے۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ پاکستان کا ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا خوش آئند ہے اس پر سیاسی اور عسکری قیادت خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں فیصلے قانون کے دائرہ کار میں ہورہے ہیں، زیارت میں کچھ دنوں میں درجہ حرارت منفی میں چلا جائےگا لیکن علاقے میں گیس نہ ہونے کے برابر ہے جسکی وجہ سے ملکی اثاثے جونیپر کے جنگلات کی تیزی سے کٹائی ہورہی ہے زیارت کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے جی ایم سوئی گیس کو طلب کیا جائے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو منگل کو طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر جمعیت علماءاسلام کے رکن اصغر علی ترین نے شاہراہوں پر امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قلات میں گزشتہ دنوں تاجر کا گھی سے لدا ٹرک لوٹا گیا جس تاجر کا نقصان ہوا ہے آیا اسکا ازالہ کیا جائے یا پھر مسروقہ ٹرک واپس دلوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیا عوام کو اپنا تحفظ خود کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے قلات کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں اقلیتی رکن مکھی شام لعل لاسی نے ایوان کی توجہ نوکریوں میں اقلیتوں کے کوٹہ پر عدم عملدآمد ، پی ایچ ای حب کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی، اقلیتی برداری سے تعلق رکھنے والے معذور افراد کو ٹرائی موٹرسائیکلوں کی عدم فراہمی کی جانب مبذول کروائی جس حکومت اراکین نے انکے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ اجلاس میں سرکاری کاروائی کے دوران صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے مجلس قائمہ برائے محکمہ صنعت ،حرفت،کان کنی و معدنی ترقی اور محنت و افرادی قوت کی رپورٹ برائے پارٹنر شپ بلوچستان (ترمیمی)مسودہ قانون مصدرہ 2022پیش کی جس کے بعد صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری مسودہ قانون ایوان میں پیش کر رہے تھے کہ بی این پی کی رکن شکیلہ نوید دہوار نے کورم کی نشاندہی کردی ۔جس پر ڈپٹی اسپیکر نے پہلے نماز کا وقفہ کیا اور بعد میں ایوان میں کورم کی گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم کورم پورا نہ ہونے کا باعث اسمبلی میں سرکاری کارروائی نمٹائی نہیں جاسکی اور ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس منگل کی سہ پہر تک کے لئے ملتوی کردیا ۔
[…] نیوز) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پانچ مسودات قوانین ، شناختی کارڈ کے حصول […]