کچھی: شوران میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید، دو زخمی
کوئٹہ: (مسائل نیوز) بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے شوران میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز کا گشتی قافلہ شوران کے نواحی علاقے سے معمول کے مطابق گزر رہا تھا۔ اسی دوران سڑک کے کنارے نصب کی گئی بارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کی زد میں آ کر فورسز کی ایک گاڑی تباہ ہوگئی۔
- Advertisement -
دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا، جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور لیویز اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔