سونا سستا ہونے والا ہے؟ حکومت کا ایکشن پلان تیار! صرافہ بازار میں ہلچل مچ گئی
اسلام آباد(مسائل نیوز)وزیراعظم آفس سے منظوری ملنے کے بعد وزارت تجارت نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو ایک سمری بھیجی ہے جس میں سونے کی درآمد و برآمد سے متعلق معطل شدہ قانون (ایس آر او 760) کو بحال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نے پہلے یہ تجویز وزیراعظم آفس کو پیش کی تھی اور اس کی منظوری کا انتظار کیا جا رہا تھا تاہم وزیراعظم کی اجازت ملنے کے بعد اب یہ سمری ای سی سی کو غور کے لیے بھیج دی گئی ہے۔
ایس آر او 760 کو بحال کرنے کا مقصد سونے اور زیورات کی منظم درآمد و برآمد کو دوبارہ شروع کرنا ہے جو کہ پہلے قیمتی دھاتوں اور پتھروں کے غلط استعمال اور سمگلنگ کے خدشات کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا۔
- Advertisement -
مئی 2025 میں سونے جواہرات اور دیگر قیمتی اشیا کی درآمد و برآمد پر پابندی لگائی گئی تھی جس سے زیورات کی برآمدات متاثر ہوئیں۔ وزارت نے اس وقت متعلقہ فریقین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ پابندی عارضی ہے اور سخت نگرانی کے ساتھ یہ نظام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ایس آر او 760/2013 سونے جواہرات اور قیمتی دھاتوں کی درآمد و برآمد کیلئے دو طریقوں یعنی انٹرسٹمنٹ اسکیم اور سیلف کنسائنمنٹ اسکیم کے تحت ضابطے وضع کرتا ہے۔ انٹرسٹمنٹ اسکیم کے تحت غیر ملکی خریدار کی طرف سے فراہم کردہ خام مال کے عوض تیار شدہ زیورات 25 کلوگرام تک کی حد کے ساتھ گھومتی ہوئی بنیاد پر برآمد کیے جا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ وزارت تجارت نے گاڑیوں کی درآمد کے لیے پرسنل بیگیج، گفٹ اور ٹرانسفر آف رہائش اسکیموں میں ترامیم کی تجویز پر مشتمل ایک اور سمری ای سی سی کو بھیجی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ان اسکیموں کو آئی ایم ایف کے شرائط اور پانچ سالہ قومی ٹیرف پالیسی کے مطابق لانا ہے۔
فی الحال پانچ سال پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت ہے لیکن 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی سمیت سخت شرائط کی وجہ سے درآمد کنندگان کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے جس سے مارکیٹ کی متوقع سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ حکومت اب ان شرائط کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ اسکیموں کے غلط استعمال کو روکا جا سکے اور شفاف پالیسی کے تحت جائز درآمدات جاری رکھی جائیں۔