راولپنڈی(مسائل نیوز) بلوچستان کے علاقے آواران کے قریب کاہان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشتگرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔
میجر شاہد بشیر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل دہشت گردوں کی ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔
- Advertisement -
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 دہشت گردوں نے جنرل ایریا ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اداروں نے ناکام بنادیا۔
سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور فوجی کمپاؤنڈ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں نوشہرو فیروز کے 48 سالہ صوبیدار میجر شیر محمد ،خیرپور کے 39 سالہ نائب صوبیدار زبید ، راولپنڈی کے 39 سالہ حوالدار سہیل ، ٹنڈوالہ یار کے 36 سالہ لانس نائیک غلام،خیرپور کے 32 سالہ سپاہی مسکین علی ،سکھر کے 37 سالہ سپاہی میر محمد شامل ہیں ۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔