پاکستان میں تعینات سفیر کا کوئٹہ میں پاک ترک اسکول اینڈ کالج کا دورہ
کوئٹہ (مسائل نیوز) قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی اور پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر محمد پاچاجی نے بروز منگل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع پاک ترک اسکول اینڈ کالج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اس اہم تعلیمی ادارے کے مختلف حصے دیکھے، مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور اسٹوڈنٹس سے تعلیمی ماحول اور درس و تدریس سے متعلق سوالات کیے۔ بعد ازاں انہوں نے اساتذہ سے تفصیلی ملاقات کی جس کے دوران اساتذہ نے تعلیمی ادارے کی کارکردگی اور درپیش مشکلات سے انہیں آگاہ کیا۔ اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ترکیہ اعلیٰ مقام رکھتا ہے اور ہم ان کے جدید علم، تحقیق اور تجربوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ملک کے سب سے پسماندہ صوبہ بلوچستان میں تعلیمی شعبے میں تعاون کرنے پر ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حالات کے پیشِ نظر برادر ملک ترکیہ کو اپنے تعاون میں توسیع کرنے اور خاص طور پر ہونہار اور ضرورت مند طلباءاور طالبات کو سکالرشپ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے اس موقع پر تجویز پیش کی کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ترکیہ لینگویج سینٹر قائم کیا جائے جس سے صوبے میں تجارت اور صنعت سے وابستہ افراد استفادہ کرسکیں تاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہو۔ ترکیہ کے سفیر محمد پاچاجی نے کوئٹہ میں تعلیم شعبے کی پائیدار ترقی اور خاص طور پر دو طرفہ تعاون کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ ترکیہ کی طرف سے موجود تعلیمی تعاون کو توسیع دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ دونوں رہنما¶ں نے عوامی سطح پر روابط و تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔
- Advertisement -