بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ،اہم کھلاڑی باہر
ممبئی(مسائل نیوز)دفاعی چیمپئن اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026(t 20 world cup) کے شریک میزبان بھارت نے میگا ایونٹ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہوگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (bcci) کی جانب سے جاری کردہ اسکواڈ کے مطابق اسٹار بیٹر سوریاکمار یادیو کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ سوریاکمار کسی آئی سی سی ایونٹ میں بطور کپتان بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ اور جدید ٹی ٹوئنٹی انداز کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اسٹار اوپنر شبھمن گل اس اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، جس پر شائقین اور ماہرین کرکٹ کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
- Advertisement -
اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج رکھا گیا ہے۔ ابھشیک شرما، تلک ورما اور رنکو سنگھ جیسے نوجوان بیٹرز ٹیم کو جارحانہ آغاز اور مڈل آرڈر میں استحکام فراہم کریں گے۔ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے سنجو سیمسن اور ایشان کشن کو شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈرز میں ہاردک پانڈیا، شیوَم دوبے اور واشنگٹن سندر ٹیم کی طاقت میں اضافہ کریں گے، جبکہ فاسٹ بولنگ اٹیک کی قیادت جسپریت بمراہ کریں گے۔ ان کا ساتھ ارشدیپ سنگھ اور ہرشِت رانا دیں گے۔ اسپن ڈیپارٹمنٹ میں کلدیپ یادیو اور ورون چکرورتی شامل ہیں، جو حریف بیٹرز کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
بھارتی ٹیم مضبوط اسکواڈ کے ساتھ ٹورنامنٹ میں فیورٹ کے طور پر اترے گی، اور شائقین کو ایک بار پھر نیلی جرسی میں شاندار کارکردگی کی امید ہے۔