اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو صرف انتخابات سے آ سکتا ہے
لاہور(مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک بار پھر انتخابات کے حوالے سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کر دیا،انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے چند ماہ کے اقتدار کیلئے پاکستان کے مفادات سے کھیلنا بند کرے اور انتخابات پر مذاکرات کرے۔پاکستان دہشت گردی کے نرغے میں ہے،اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو صرف انتخابات سے آسکتا ہے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم سے کہتا ہوں آپ انتخابات سے کتنا بھاگ سکتے ہیں،آخر آپ کو عوام کے پاس جانا پڑے گا۔اپنے چند ماہ کے اقتدار کیلئے پاکستان کے مفادات سے کھیلنا بند کریں اور انتخابات پر مذاکرات کریں۔
قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم نے پرویز الہی سے کہا اسمبلی تحلیل نہ کریں،پی ڈی ایم کا تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کا مقصد تاخیر کرنا ہے۔
فواد چوہدری نے پی ڈی ایم کی جانب سے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک عدم اعتماد جمع کروا کر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سے کچھ نہیں ہو گا،سپریم کورٹ فیصلہ کر چکی ہے کہ پارلیمانی پارٹی ہی فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اوراسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان نے سابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر تحریک عدم اعتماد جمع کروائی۔ سابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر اتحادی جماعتوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی۔ تحریک عدم اعتماد وزیراعلیٰ اوراسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کیخلاف جمع کروائی گئی۔ جبکہ سابق صدر آصف زرداری نے پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم شہبازشریف اور چودھری شجاعت سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا۔